بنگلورو۔24؍دسمبر(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے کہا ہے کہ ریاست کے کسانوں کے قرضوں کی معافی کے معاملے میں وہ خاموش نہیں ہیں بلکہ ہمہ وقت اس بات کے لئے کوشاں ہیں کہ جلد از جلد کسان طبقے کو قرض کے بوجھ سے نجات دلائی جائے۔
انہوں نے کہاکہ 31؍ جنوری 2019 سے پہلے ریاست بھر کے تمام کسانوں کے زرعی قرضے معاف کردئے جائیں گے ۔ اس کی طرف وہ جدوجہد میں لگے ہوئے ہیں۔آج کوپل تعلقہ کے گنی گیرہ ہیلی پیڈ پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کمار سوامی نے کہاکہ کسانوں کے قرضوں کی معافی کے معاملے میں کسی طرح کے خوف کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ کسانوں کے قرضوں کی معافی کا وعدہ انہیں یاد ہے، اور اسے نبھانے کے لئے حکومت کی طرف سے کئی ٹھوس قدم اٹھائے گئے ہیں۔ کمار سوامی نے کہاکہ اقتدار ملتے ہی راتوں رات سب کچھ نہیں بدل سکتا۔ شمالی کرناٹک کے ان علاقوں میں ریت کی غیر قانونی اسمگلنگ کی شکایت پر وزیراعلیٰ نے کہاکہ اس سلسلے میں ان کی بات چیت اعلیٰ افسروں سے ہوچکی ہے۔ اس سے نپٹنے کے لئے حکومت کی طرف سے ہرممکن قدم اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ریت کی غیر قانونی نکاسی میں ملوث عناصر کی نشاندہی کرنے اور ان سے سختی سے نپٹنے کے لئے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے۔